ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / منڈگوڈ اسپتال میں ڈاکٹروں کو تعینات کرنے کا مطالبہ۔ کنڑا رکھشنا ویدیکے نے دیا میمورنڈم

منڈگوڈ اسپتال میں ڈاکٹروں کو تعینات کرنے کا مطالبہ۔ کنڑا رکھشنا ویدیکے نے دیا میمورنڈم

Sat, 21 Jul 2018 17:56:28    S.O. News Service

منڈگوڈ21؍جولائی (ایس او نیوز)منڈگوڈ تعلقہ اسپتال میں ڈاکٹروں کو تعینات کرکے عوام کو راحت پہنچانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کنڑا رکھشنا ویدیکے کی جانب سے تحصیلدار کی معرفت ضلع ڈپٹی کمشنر اور محکمہ صحت عامہ و خاندانی بہبود کو میمورنڈم پیش کیا گیا۔

میمورنڈم میں کہا گیا ہے کہ سو بستروں والے منڈگوڈ تعلقہ اسپتال میں صرف تین ڈاکٹر تعینات کیے گئے ہیں جن میں ماہرامراض خواتین، ماہرامراض اطفال اور دانتوں کے ڈاکٹرشامل ہیں۔کئی مہینوں سے اسپتال میں چلی آرہی دیگر ڈاکٹروں کی کمی کی وجہ سے مریضوں کو بہت زیادہ تکلیف کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔اس کے علاوہ اس اسپتال میں دیگر عملے کی بھی کمی پائی جاتی ہے۔اس سے غریب مریضوں کو جن مصائب سے گزرنا پڑتا ہے اس سے ضلع ڈپٹی کمشنر کا لاعلم ہونا تعجب خیز بات ہے۔

میمورنڈم میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ انسانی زندگی کی قدر وقیمت کا احساس کرتے ہوئے جلد ازجلد یہاں کے اسپتال میں خالی پڑی ہوئی آسامیوں کو پُر کیا جائے اور عوام کے لئے راحت پہنچانے کے اقدامات کیے جائیں۔اس موقع پر کنڑا رکھشنا ویدیکے کے صدر ارون بھجنتری، ملیکا ارجن گؤلی،منجو ناتھ نڈیگیرا، عمران ہولگور، سیدپّا بالگنور۔آصف ملا، وٹھل ہیبلّی،کلمیش بھجنتری،شیوانندپوجار وغیر ہ موجود تھے۔


Share: